پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کو شکست دیکر تاریخ بدل دی

Cricket - ICC Men's T20 World Cup 2021 - Super 12 - Group 2 - India v Pakistan - Dubai International Stadium, Dubai, United Arab Emirates - October 24, 2021 India's Virat Kohli speaks to Mohammad Rizwan during the match REUTERS/Satish Kumar

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے بھارت  کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔

بھارت کی اننگز

پاکستانی بولرز نے میچ میں شاندار آغاز کیا اور پہلے اوور میں شاہین شاہ نے بھارتی اوپنر روہت شرما کو صفر پر پویلین بھیجا۔

کے ایل راہول3 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ بھارت کی تیسری وکٹ 31 رنز پر گری جب حسن علی نے سوریا کمار کو آؤٹ کیا۔

اس کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور وکٹ کیپر رشبھ پنٹ کے درمیان 53 رنز کی شراکت ہوئی تاہم بھارتی ٹیم کا اسکور 84 رنز پر پہنچا تو رشبھ پنٹ 39 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔

اس کے علاوہ رویندرا جڈیجا 13 اور ہاردک پانڈیا 11  رنز بناسکے۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی 57 اور رشبھ پنٹ 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 ،حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف  نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

بھارت کے 152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کا آغاز کیا ۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلےاور  152 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور بھارتی بولرز کو وکٹ لینے کا موقع نہ دیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 79 رنز بنائے جبکہ  بابر اعظم نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار بھارت کو شکست دی ۔

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کو شاندار بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔