امریکی کانگریس نے پاکستانی خواتین کے لئے ملالہ یوسف زئی اسکالرشپ ایکٹ پاس کر دیا

کانگریس کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ معلومات کے مطابق امریکی کانگریس نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نام سے ایک بل منظور کیا ہے جس میں میرٹ اور ضروریات پر مبنی پروگرام کے تحت پاکستان میں خواتین کو اسکالرشپ کی تعداد میں توسیع دی گئی ہے۔

“ملالہ یوسف زئی اسکالرشپ ایکٹ” کو مارچ 2020 میں ایوان نمائندگان نے منظور کیا تھا ، اور امریکی سینیٹ نے یکم جنوری 2021 کو وائیس ووٹ کے ذریعہ اسے منظور کیا تھا۔

اب اسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کے لئے وائٹ ہاؤس بھیج دیا گیا ہے۔

اس بل میں امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 2020 سے 2022 تک ، متعدد تعلیمی مضامین کے حوالے سے ، پاکستان میں قائم اعلی تعلیم کے وظائف پروگرام کے تحت کم از کم 50 فیصد وظائف پاکستانی خواتین کو عطا کرے۔

2010 کے بعد سے ، یو ایس ایڈ نے پاکستان میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لیے نوجوان خواتین کو 6،000 سے زائد وظائف سے نوازا ہے۔ بل اس پروگرام میں توسیع کرتا ہے۔